ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یڈ یورپا کے خلاف اے سی بی جانچ روک دینے کا حکم؛کرناٹک ہائی کورٹ سے عبوری راحت

یڈ یورپا کے خلاف اے سی بی جانچ روک دینے کا حکم؛کرناٹک ہائی کورٹ سے عبوری راحت

Fri, 22 Sep 2017 23:05:19    S.O. News Service

بنگلورو، 22ستمبر (ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) کرناٹک ہائی کورٹ نے آج اپنے ایک عبوری حکم میں سابق وزیراعلیٰ و صدر کرناٹک بی جے پی بی ایس یڈیورپا کے خلاف بدعنوانیوں کے الزامات کے بارے میں انسداد رشوت ستانی بیورو (اے سی بی ) کی مزید جانچ کو روک دیا۔ اس طرح انہیں عبوری راحت ملی ہے ۔یڈیورپا کی جانب سے پیش کردہ ایک عرضی پر جج اروند کمار نے شہر میں مجوزہ شیوا رام کرانت لے آوٹ کے لئے محصلہ 257ایکڑاراضی کے ڈی نوٹیفکیشن کے بارے میں سابق وزیراعلیٰ کے خلاف درج ایف آئی آر پر اے سی بی کی جانب سے کی جانے والی جانچ کو روک دیا۔ یڈیورپانے اپنی عرضی میں کہا کہ سدارامیا نے ان کے خلاف سیاسی مقاصد کے تحت غیر قانونی طور پر معاملہ دائر کیا ہے ۔ جج نے کل اے سی بی کے اس استدلال کو مستردکردیاتھا کہ یہ رٹ عرضی قابل سماعت نہیں ہے ۔ اے سی بی کے وکیل کے دعوی کو مسترد کرتے ہوئے جج نے کہا کہ ہائی کورٹ شاذ و نادر معاملہ میں اس طرح کی عرضی کی سماعت کرنے کیلئے غیرمعمولی اختیارات استعمال کرسکتا ہے اور دستور کے دفعات 226اور 227کے تحت عدالت کو محصلہ اختیارات کسی بھی قانون سازی سے چھینے نہیں جاسکتے ۔اے سی بی نے یہ استدلال پیش کیا تھا کہ عدالت بدعنوانی کے معاملات میں جانچ کو روک نہیں سکتی کیوں کہ انسداد رشوت ستانی قانون کی دفعہ کے تحت ایسا کرنے پر پابندی ہے ۔


Share: